بنگلورو،24؍اکتوبر(ایس او نیوز) یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہوکر صحت یاب ہونے والے افراد کو اب نئی نئی طبی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک تجزیے کے مطابق ایسے 50فیصد سے زیادہ افراد ہیں جو کورونا وائرس سے متاثر ہوئے اورصحت یاب ہو گئے، ان افراد میں اب نئی بیماریوں کی شکایت سامنے آنے لگی ہے۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے جو لوگ صحت یاب ہوئے ہیں ان کو اب سینے میں درد، پیروں میں خون کے منجمد ہونے کی شکایت سامنے آئی ہے۔ اس کے علاوہ سینے میں جلن،عموماً سردرد کی شکایت، جسم کے مختلف حصوں میں شدت کے ساتھ درد کا احساس، یہ وہ شکایتیں ہیں جو کورونا وائرس سے صحت یاب افراد میں ہیں۔
ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے بیشتر افراد میں قلبی بیماریوں کی شکایت سامنے آئی ہے اور ان میں سے بہت سارے ایسے ہیں جو کورونا وائرس سے تو صحت یاب ہو گئے لیکن قلبی مرض کے سبب ان کی موت ہوگئی۔
بنگلورو کے اپولو اسپتال، جئے نگر میں جون 23سے اب تک 1400سے زائد کورونا وائرس متاثرین کا علاج کیا گیا،ان کے علاج کے بعد اب اسپتال کے ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہوجانے کے بعد ان میں سے بیشتر مریضو ں میں نئے طبی مسائل پیدا ہوئے ہیں، ان میں سے بہت ساروں نے قلبی امراض کی شکایت کی۔ چند لوگوں کی اچانک موت ہوگئی۔
اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے شہر کے تین اسپتالوں بنگلورو میڈیکل کالج،سینٹ جانس میڈیکل کالج اور ایم ایس رامیا اسپتال میں کورونا وائرس سے صحت یاب افراد کی طبی جانچ کے لئے خصوصی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا اثر صرف انسانی جسم کے باہری حصہ یا ایک دو اعضاء پر نہیں بلکہ وہ پورے انسانی نظام کو متاثر کر تا ہے جس کے سبب ایک بار اس کا شکار ہوجانے کے بعد انسان کی قوت مدافعت بری طرح متاثر ہو جاتی ہے۔